اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستانی آل رائونڈر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تاہم انہوں نے فرنچائز کرکٹ میں کھیل جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق عماد وسیم نے اپنی ایکس پوسٹ میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا سب سے بڑا فخر ہے، پاکستانی ٹیم کیساتھ ہرلمحہ یادگار رہا،فرنچائز کرکٹ میں کھیل جاری رکھوں گا۔
واضح رہے کہ عماد وسیم نے نومبر 2023ء میں بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا تاہم کچھ ماہ بعد ہی رواں سال مارچ میں ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے ٹی 20 ورلڈکپ دستیابی ظاہر کی تھی جس کے بعد انہیں پاکستانی اسکواڈ کا حصہ بھی بنایا گیا تھا تاہم وہ ایونٹ میں خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھاسکے تھے۔ عماد وسیم نے ٹی 20 ورلڈکپ 2024 ء کی 2 اننگز میں 29گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے صرف 19 رنز بنائے تھے جبکہ 3میچز میں 11اوورز کرانے کے بعد وہ 44 رنز دیکر 3 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے تھے۔ یاد رہے کہ عماد وسیم کو 55 ون ڈے انٹرنیشنل اور 75ٹی 20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔
بائیں بازو سے کھیلنے والے عماد وسیم نے 55ون ڈے میچز کی 40 اننگز میں5نصف سنچریز کی بدولت 42.86 کی اوسط سے 986 رنز اسکور کیے ہیں جبکہ بائولنگ کی بات کی جائے تو انہوں نے ون ڈے میچز کی 53 اننگز میں44 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔ اسی طرح ٹی 20 کیریئر کے دوران عماد وسیم نے 75 میچز کی 50 اننگز میں 15.82 کی اوسط اور 130 کے اسٹرائیک ریٹ کی بدولت 554 رنز اسکور کیے جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل ہے، لیفٹ آرم آف اسپنر نے ٹی 20 کی 74 اننگز میں 73 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔