کراچی(صبا ح نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے مارٹن کواٹر میں گزشتہ روز ایم کیو ایم کے دہشت گردوں کے حملے میں شدید زخمی ہونے والے جماعت اسلامی کے یوسی چیئر مین جناح ٹائون یوسی 5 کلیم الحق عثمانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات و عیادت کی ، ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کی دعا کی ۔
کلیم الحق عثمانی نے اپنے اوپر ہونے والے حملے اور یوسی کے معاملات میں ایم کیو ایم کے مقامی رکن سندھ اسمبلی کی بے جا مداخلت اور دھونس و دھمکیوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندے دن رات عوامی خدمت کے کاموں میں مصروف ہیں اور محدود وسائل و اختیارات میں کمی کے باوجود مسائل حل کروارہے ہیں ، علاقے کے عوام پہلے ہی ایم کیو ایم سے نالاں ہیں ، ایم کیو ایم کو جماعت اسلامی کی عوامی خدمات ہضم نہیں ہو رہیں ، وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور ماضی کی طرح غنڈہ گردی اور دہشت گردی پراُتر آئی ہے لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں ہم کسی بھی غنڈہ گردی اور دہشت گردی سے خوفزدہ نہیں ہوں گے ، ہمارے تمام کونسلرز عوامی خدمت جاری رکھیں گے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے ایم کیو ایم کی دہشت گردی ، کلیم الحق عثمانی پر حملے اور ان کو شدید زخمی کرنے کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ ایم کیو ایم کے حملہ آوروں کو فی الفور گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے ۔جمشید کواٹر تھانے میں ایف آئی آر درج کرا دی گئی ہے اس کے مطابق کارروائی کی جائے اور مجرموں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم پہلے بھی شہر میں دہشت گردی ، بھتہ خوری اور بوری بند لاشوں کی سیاست کرتی رہی ہے ، ایم کیو ایم نے کراچی کے امن و امان کو تباہ و برباد اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو شدید متاثر کیا ، ایم کیو ایم ایک بار پھر شہر میں بد امنی پھیلانا چاہتی ہے ، کراچی ایم کیو ایم کے ماضی کے تاریک دور کا دوبارہ متحمل نہیں ہو سکتا ۔ جماعت اسلامی تمام تر رکاوٹوں کے باوجود عوامی خدمت ، شہر کی تعمیر و ترقی ، عوامی مسائل کے حل اور اہل کراچی کے حقوق کی جدو جہد جاری رکھے گی ۔ ملاقات میں اپوزیشن لیڈر کے ایم سی و نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ ، ڈپٹی سیکریٹریز راشد قریشی و قاضی صدر الدین ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، امیر ضلع قائدین انجینئر عبد العزیز ، سیکریٹری ضلع نعمان حمیداور یوسی چیئر مین اسامہ صابر سمیت کونسلرز اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔#