26نومبر کے واقعے پر انکوائری کمیشن بنایا جائے،بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 26نومبر کے واقعے پر انکوائری کمیشن بنایا جائے۔ ورکرز پر کچھ ثابت ہوتا ہے تو ہم سپورٹ نہیں کریں گے۔ پی ٹی آئی رہنمائوں سے ہیومن رائٹس کمیشن کے وفد کی ملاقات ہوئی، عمر ایوب نے 24، 25 اور 26 نومبر کو پی ٹی آئی احتجاج کے واقعات پر بریفنگ دی۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انکوائری کمیشن بنایا جائے، ورکرز پر کچھ ثابت ہوتا ہے تو سپورٹ نہیں کریں گے، اس احتجاج میں فیملیز بڑی تعداد میں شامل تھیں، یہ پرامن احتجاج تھا، حکومت نے خود انتشار کرکے ہمارے ورکرز کو گرفتار کیا، شہید کیا اور گرفتار کیا گیا، ہمارے سارے رہنماں پر درجنوں ایف آئی آر درج کی گئیں۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ورکرز اور لیڈروں پر سیدھی گولیاں چلائی گئیں، واقعات کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔ اسد قیصر نے کہا کہ کچھ لوگوں پر احتجاج کی آڑ میں 9مئی کی ایف آئی آر کروائی جا رہی ہیں، غریبوں کو اٹھایا گیا جن کا کسی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔ پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ نے کہا کہ موجودہ حکومت آئین اور قانون کی پاسداری نہیں کر رہی، حکومت سارے قانون عوام کی فلاح و بہبود کی بجائے اپنے مفاد کیلئے استعمال کر رہی ہے۔ ایم این اے عادل بازئی نے کہا کہ میرا ایک ارب روپے کا پلازہ گرایا، 26ویں آئینی ترمیم میں ووٹ ڈالنے پر زد و کوب کیا گیا، مجھ سے اسمبلی کی نشست بھی چھینی گئی، سپریم کورٹ نے میرے حق میں فیصلہ سنایا۔ میری اسمبلی کی سیٹ بحال کر دی۔ ہیومن رائٹس کمیشن وفد میں منیزے جہانگیر، ناصر زیدی، سعدیہ غفاری، خوشحال خان، محمد آصف شامل تھے۔