سوالوں کے جواب دینا ساری کابینہ کی ذمہ داری ہے،یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد (صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ایوان بالا کے اجلاس کے دوران وزرا کی عدم حاضری پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوالوں کے جواب دینا ساری کابینہ کی ذمہ داری ہوتی ہے، جب میں وزیراعظم ہوتا تھا تو خود آکر ایوان میں جواب دیتا تھا۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیرِ صدارت میں سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سینیٹر کامران مرتضی نے کہا کہ حکومتی بینچز پر کوئی وفاقی وزرا موجود ہی نہیں ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اطلاع آئی ہے کہ وزیر توانائی اویس لغاری وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں مصروف ہیں، وزارت توانائی سے متعلق جو سوالات ہیں، انہیں آخر میں ٹیک اپ کرلیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بھی کوئی وفاقی وزیر موجود نہیں تھا، اب یہاں بھی کوئی نہیں ہے، اجلاس کو ملتوی کردیں۔ سینیٹر کامران مرتضی نے کہا کہ جو وزرا نہیں آئے، انہیں معطل کردیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر دوست محمد نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ واضح کردیتا ہوں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کبھی بھی دھوکا نہیں کریں گے۔ 26 نومبر کو جو ہوا، ہم کبھی نہیں بھولیں گے۔