اسلام آباد(صبا ح نیوز) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 17ویں برسی کے موقع پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیڈکوارٹر میں خواتین کی معاشی خود مختاری اور دکھی انسانیت کی بھلائی کیلئے بی بی شہید کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے “سلام بینظیر” کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد ، سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر طاہرنور ، ڈائریکٹر جنرلز سمیت بی آئی ایس پی ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بی بی شہید آج بھی ہمارے درمیان ہیں بینظیرانکم سپورٹ پروگرام بی بی شہید کا ویژن ہے۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ بی آئی ایس پی کے ذریعے اللہ تعالی نے ہمیں دکھی انسانیت کی خدمت کا موقع دیا۔ یہ ذمہ داری ہمارے لئے کسی امتحان سے کم نہیں، اگر ہم نے اس امتحان میں کامیابی حاصل کرلی تو ہم نے اپنی آخرت سنوار لی۔انہوں نے کہا کہ 2007 میں بی بی شہید کو اپنی جان کے خطرے کا علم تھا لیکن اس کے باوجود وہ کہتی تھیں جو رات قبر میں ہے وہ باہر نہیں ، میں اپنے لوگوں کے لئے پاکستان آئی ہوں ، وہ ہمت و بہادری کیساتھ عوام میں گئیں یہ ویژن ایک عظیم لیڈر کا ہی ہوسکتا تھا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ہم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں ایک خاندان کی طرح ہیں اور ہمیں بی آئی ایس پی کے پلیٹ فارم کے ذریعے بی بی شہید کے مشن کو پوری ایمانداری سے آگے لے کرچلنا ہے۔ مستحق و غریب افراد کی خدمت سے بڑی کوئی نیکی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت مند افراد کو سکل ٹریننگ کے ذریعے اپنے پاں پر کھڑے کرنے کا ویژن بھی بی بی شہید کا ہی ہے۔
بی بی شہید نے فرمایا تھا کہ ہنر آپکا سرمایہ ہے جو آپ سے کوئی بھی نہیں چھین سکتا۔ اچھے ہنر کی بدولت کوئی شخص بھی بھوکا اور بے روزگا ر نہیں رہ سکتا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے بتایا کہ انہوں نے سیکرٹری بی آئی ایس پی کے ہمراہ لندن دورے کے دوران مختلف بین الاقوامی اداروں کیساتھ بینیفیشیریز کیلئے اعلی معیار کی سکل ٹریننگ پروگرامز پر اشتراک کیلئے مشاورت کی ۔انہوں نے کہا کہ ہم خواتین کی زندگیوں کو مالی مدد کے زریعے آسان بنانے سے انہیں فنی تربیت سے آراستہ کرکے زندگی بہتر بنانے کا اہل کرنے کے سفر پہ گامزن ہیں ۔
جب تک ایک عورت معاشی طور پر خود مختار نہیں ہوگی اس کے گھرانے میں خوشحالی نہیں آسکتی ۔ ہمیں”عورت خود مختار – معاشرہ باوقار ” کے تحت اپنی ماں، بہنوں اور بیٹیوں کی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے ہیں ۔ تقریب میں بی آء ایس پی ملازمین کی نمائندگی کرتے ہوئے میمونہ عباسی، سردار شیراز، رضا شاکر، فدا عباس زیدی اور سردار عظمت نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شہید محترمہ کے پہلے خواتین پولیس اسٹیشن، فرسٹ ویمن بینک اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔