اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی)کی حالیہ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم نے کہا ہے کہ رپورٹ کے مطابق بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے،
ملک میں کاروبار کرنے کے لئے ماحول میں بہتری آئی ہے اور اس حوالے سے پاکستان کے بارے میں عالمی سوچ منفی 10 فیصد سے نکل کر 31 فیصد مثبت پر آگئی ہے جو کہ انتہائی خوش آئند ہے انہوں نے کہاکہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں روزگار کے مواقع بڑھے ہیں ؛ پاکستان کے مینو فیکچرنگ سیکٹر کی گروتھ 2 فیصد سے 6 فیصد پر آگئی ہے جبکہ سروسز سیکٹر کی گروتھ 7 فیصد سے بڑھ کر 30 فیصد ہو گئی ہے جو کہ ایک نمایاں کامیابی ہے ،
وزیراعظم نے کہا کہ سیمنٹ ، آٹو سیکٹر، فرٹیلائزرز اور پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، یہ نتائج عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کے لیے ایک مثبت پیغام ہے ،رپورٹ اس امر کی عکاس ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے ایک امید افزا اور قابل اعتماد منزل ہے ،وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، برآمدات اور ریکارڈ ترسیلات زر کی بدولت ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا، وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو ریلیف پہنچانا ہماری ترجیح ہے ، حکومتی کی بہتر معاشی پالیسیوں اور معاشی ٹیم کی محنت کے ثمرات ملنے شروع ہو گئے ہیں