ملکی ترقی کے لئے علامہ اقبال کے ترقی کے وژن کو سمجھنا ضروری ہے ، احسن اقبال

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی ،اصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لئے علامہ اقبال کے ترقی کے وژن کو سمجھنا ضروری ہے ،نئی نسل کو اقبال کی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لئے بنیادی اور اعلی سطح تک تعلیمی نصاب کو ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو فکر اقبال کے ترقیاتی وژن کے موضوع پر مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 1999تک معاشی لحاظ سے مستحکم ملک تھا، سیاسی عدم استحکام اور ترقی و پالیسی کے عدم تسلسل کی وجہ سے ہم دیگر ممالک کے مقابلے میں پیچھے رہ گئے،اقبال کا تصور قومیت قیام پاکستان کا باعث بنا ۔

انہوں نے کہا کہ اقبال کا فلسفہ خودی ہمیں ایک خودار، خودمختار اور معاشی لحاظ سے مستحکم مملکت کی صورت میں اپنا تشخص قائم کرنے کی دعوت دیتا ہے،اقبال کوئی صوفی و مذہبی شاعر و فلسفی نہیں تھے، ان کی انقلابی شاعری روشن خیال اور ترقی پسند معاشرے کے قیام کی حامی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اقبال کی فکر جمود کے بجائے اجتہاد کا راستہ اختیار کرنے کی جانب رہنمائی کرتی ہے،اقبال کی تعلیمات پر عملدرآمد کر کے ملک کو اکائی کی مانند یکجا کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے لئے علامہ اقبال کے ترقی کے وژن کو سمجھنا ضروری ہے ،نئی نسل کو اقبال کی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لئے بنیادی اور اعلی سطح تک تعلیمی نصاب کو ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔