اسلام آباد:صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف، چیرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی اورسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطین اور بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کرے۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے غزہ اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی طرف سے فلسطینی عوام کی نسل کشی اوراس کے ساتھ ساتھ بھارتی مسلح افواج کی طرف سے جموں و کشمیر پر ناجائز قبضے اور وہاںجاری مظالم کی شدید مذمت کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا آئین اپنے تمام شہریوں کو بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور ہم اپنے لوگوں کو بااختیار بنانے کیلئے انسانی حقوق کو آگے بڑھانے میں ثابت قدم ہیں۔آصف علی زرداری نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ جمہوریت، امن، آزادی اور انسانی حقوق ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور عوام کے حقوق کا تحفظ ایک مستحکم اور خوشحال ملک کی تعمیر کیلئے ناگزیر ہے۔اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے مقدس مذہب اسلام نے انسانوں کو انسانی اقدار کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی ہے
۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے قانون سازی کے متعدد اقدامات کئے ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کی پارلیمان انسانی حقوق کی فراہمی میں ایک کلیدی کردار ادا کر رہی ہے ، پاکستان کا آئین تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے،فلسطین اور کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں قابل مذمت ہیں، عالمی برادری نوٹس لے ۔ انسانی حقوق کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے ایازصادق نے کہاکہ اللہ تعالی نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا اور زندگی گزارنے کے لیے ایک ضابطہ حیات دیا، نبیۖ کا خطبہ الوداع حقوق العباد اور ضابطہ حیات کا بنیادی جزو ہے، اللہ تعالی کے بنائے ضابطہ حیات میں انسانی حقوق سرفہرست ہیں،انسانی حقوق کا تحفظ اور فروغ ایک مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی پہچان ہے،دنیا میں ہر فرد، بلا تفریق رنگ، نسل، مذہب، یا جنس، مساوی حقوق کا حقدار ہے، پاکستان کی پارلیمان انسانی حقوق کی فراہمی میں ایک کلیدی کردار ادا کر رہی ہے،پاکستان کا آئین تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، پاکستان نے انسانی حقوق کے عالمی چارٹر پر دستخط کئے اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے۔،فلسطین اور کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین
خلاف ورزیاں انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے عالمی برادری فلسطین اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے،عالمی برادری کو فلسطینی اور کشمیری عوام کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے موثر کردار ادا کرنا چاہیے، تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کاوشوں سے معاشرے میں انصاف اور مساوات کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے،پاکستان کی پارلیمان انسانی حقوق کے تحفظ، مساوات، اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
#/S