اسلام آباد (صباح نیوز)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نوجوانوں کو دعوت دیتا ہے وہ آگے آئیں، ووٹ کے اندراج کو یقینی بنائیں، شہری جمہوری عمل میں اپنا کردار ادا کریں۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے قومی ووٹرز ڈے پر اپنے پیغام میں کہا کہ ملک میں 7 دسمبر قومی ووٹر ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے، ووٹر ڈے کا مقصد ملک میں جمہوری نظام کی پائیداری ہے، ووٹر ڈے شہریوں کو ووٹ کے اندراج سیاسی حقوق انتخابی عمل میں شمولیت کی درخواست کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 7 دسمبر 1970 کو پاکستان میں ہونے والے پہلے عام انتخابات کی یاد میں یہ دن منایا جاتا ہے، ووٹر ڈے کا مقصد عوام کو جمہوری عمل میں شرکت اور جمہوریت کے اصولوں کی پاسداری کی ترغیب دینا ہے، قومی ووٹر ڈے انتخابی عمل میں عوام کی شرکت کو بڑھانا اور اہل افراد کے ووٹ کے اندراج کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
سردار سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ ووٹ کا اندراج اور حقِ رائے دہی کا استعمال ہر شہری کی قومی ذمہ داری ہے، شہریوں کو یہ باور کرانا ہے کہ وہ اپنے انتخابی حقوق کی اہمیت سے آگاہ ہوں، ملک کی سیاسی و معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، جمہوریت محض انتخابات تک محدود نہیں، جمہوریت ایک مسلسل عمل ہے جس میں ہر شہری کا کردار بہت اہم ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ یہ دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ ووٹ صرف ایک کاغذی کارروائی نہیں، اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے سب سے کارآمد غیر متشدد ہتھیار اور ملک کے مستقبل کا تعین کرنے کا طاقتور ذریعہ ہے، الیکشن کمیشن تمام اہل افراد سے ووٹ کے اندراج کی درخواست کرتا ہے، الیکشن کمیشن نوجوانوں کو دعوت دیتا ہے کہ وہ آگے آئیں، ووٹ کے اندراج کو یقینی بنائیں، شہری جمہوری عمل میں اپنا کردار ادا کریں۔