اسلام آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی کی اطلاعات و نشریات کی ذیلی قائمہ کمیٹی کے کنوینئر سید امین الحق نے رولنگ دی ہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات اور پیمرا اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام میڈیا ہاؤسز میں حکومت کی مقرر کردہ کم ازکم تنخواہ 37 ہزار 500 کی ادائیگی ہو، نواں ویج ایوارڈ فوری طور پر نافذ العمل کروایا جائے، جو اخبارات اور ٹی وی چینلز صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کررہے ہیں ان کی فہرست مرتب کرکے ان کے اشتہارات کی بندش سمیت تمام مطلوبہ اقدامات کیئے جائیں، میڈیا ہاؤسز میں تھرڈ پارٹی کنٹریکٹ کے سسٹم کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات اور آئی ٹی این ای کے ممبران کی تعداد 5 کرنے کے لیئے فوری عمل کیا جائے۔
کنوینرسید امین الحق نے یہ ہدایات منگل کو پارلیمنٹ ہاوس میں ذیلی قائمہ کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ سید امین الحق نے ڈمی اخبارات کے حوالے سے شکایات اور پی بی اے کے واجبات کی ادائیگی کیلئے پالیسی کے مطابق اقدامات کرنے کیلئے بھی ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں کمیٹی ممبران، ارکان اسمبلی محترمہ سحر کامران، مولانا عبدالغفور حیدری اور معظم علی خان شریک تھے جبکہ اس موقع پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے جی ایم جمالی، افضل بٹ، ناصر زیدی، آل پاکستان نیوز پیپرز اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایمپلائز کنفیڈریشن کے محمد صدیق انظر، نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی، پارلیمنٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عثمان خان، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنسلٹس کے صدرشکیل خان ، طارق ورک، پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندے باسط ریاض شیخ، اے پی این ایس اور سی پی این ای کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
سیکرٹری اطلاعات ونشریات ، چیئرمین پیمرا، چیئرمین آئی ٹی این ای اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر نے کمیٹی کو صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی شکایات کے ازالے اور تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کنوینئرکمیٹی سید امین الحق نے کمیٹی ممبران کے سوالات پر وزارت اطلاعات و نشریات اور پیمرا کو ہدایات جاری کیں کہ جوابات کو تحریری طور پر کمیٹی کے ارکان کو بھیجا جائے۔
اجلاس میں صحافتی تنظیموں اور ایپنک کی جانب سے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو درپیش مسائل، تنخواہوں کی عدم ادائیگی ، ای او بی آئی میں رجسٹریشن نہ ہونے، کنٹریکٹ مسائل، میڈیکل اور لائف انشورنس نہ دیئے جانے اور پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں وفاق کی طرح میڈیا ورکرز کو بھی پلاٹوں میں 50 فیصد کوٹہ مقرر کرنیکے حوالے سے اپنی تجاویز سے آگاہ کیا، جبکہ پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندے نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ تمام میڈیا ہاوسز بروقت تنخواہوں کی ادائیگیاں کررہے ہیں تاہم اگر کوئی شکایات ہیں تو پی بی اے شکایات کا فوری ازالہ کرے گی۔