الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کا خصوصی افراد کے عالمی دن پر 50اضلاع میں تقریبات کااہتمام


 اسلام آباد(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے خصوصی افراد کے عالمی دن پر50اضلاع میں تقریبات کاانعقاد کیا جن میں خصوصی افراد کو ویل چئیرز،سفیدچھڑی،کپڑے،شوز سمیت دیگرتحائف دئیے گئے۔ اسلام آباد، گوجرانوالہ،پشاور،گلگت،کوئٹہ،کچلاک سمیت دیگراضلاع میں مرکزی اور ریجنل ذمہ داران شریک ہوئے،خصوصی افراد سے اظہاریکجہتی کیا اور تقریبات میں اظہار خیال کیا۔

وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ انٹرنیشنل یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہاکہ ہم خصوصی افراد کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کے لیے پرعزم ہیں، یہ ایک حقیقت ہے کہ معذور افراد ہمارے معاشرتی اور اقتصادی ڈھانچے کا اہم حصہ ہیں، اور ان کے حقوق کا تحفظ، فلاح و بہبود اور انہیں معاشرتی دھارے میں شامل کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔نوجوانوں کی بطوررضاکارالخدمت فاونڈیشن میں شمولیت اس بات کی علامت ہے کہ پاکستانی نوجوانوں میں انسانیت کی خدمت کا جذبہ بہت زیادہے، ڈیزاسٹرکے مواقع پر الخدمت کے پلیٹ فارم سے انسانی زندگیوں کو بچانے والے نوجوان پوری قوم کے لیے فخرکا باعث ہیں۔  انھوں نے کہاکہ باہمت افراد اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں،

الخدمت ان کے لیے ایک ایسا ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے جہاں وہ اپنی زندگی کے ہر شعبے میں کامیاب ہو سکیں۔سید وقاص جعفری نے کہاکہ پاکستان میں موجود خصوصی افراد کے چیلنجز معاشرتی اور اقتصادی بھی ہیں، ہمیں ایسے ڈھانچے کی ضرورت ہے جس میں خصوصی  افراد کو کسی بھی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو۔وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت کاروباری اداروں اور نجی شعبے کی بھی اہم ذمہ داری ہے کہ وہ ان خصوصی افراد کو ملازمت کے مواقع فراہم کرے۔ڈاکٹرمشتاق مانگٹ نے کہاکہ خصوصی افراد کو صرف ہمدردی نہیں، بلکہ حقیقی معاونت کی ضرورت ہے۔ جب بھی ان باہمت افراد کو مناسب تعلیم و صحت کی سہولیات اور روزگار کے مواقع ملتے ہیں یہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے معاشرتی ترقی میں اپنا موثر کردار ادا کرتے ہیں۔

خصوصی افراد ہمارے معاشرے کا وہ حصہ ہیں جو اپنے عزم اور حوصلے سے ہم سب کے لیے مثال ہیں۔ ہمیں ان کے مسائل کو سمجھتے ہوئے انھیں ایسی سہولیات فراہم کرنی چاہئیں جو انہیں ایک باعزت اور خودمختار زندگی گزارنے میں مدد دے سکیں۔اینجلز ہوم پشاور میں خصوصی افراد کیلئے منعقدہ تقریب میں ریجنل صدرالخدمت فاونڈیشن خیبرپختونخوا خالدوقاص شریک ہوئے خصوصی افراد کو ویل چیئرز،کپڑے اورشوز کا تحفہ دیا۔ اس موقع پر خطاب میں انھوں نے کہاکہ باہمت افراد کی خدمت ہمارے لئے دنیا وآخرت کا سرمایہ ہے الخدمت فانڈیشن خصوصی افراد کو تعلیم،صحت،سپورٹنگ آلات سمیت دیگرسہولیات کی فراہمی میں اپنا کرداراداکررہی ہے۔ الخدمت فاونڈیشن گلگت بلتستان اور سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس گلگت میں منعقدہ تقریب میں ریجنل سیکرٹری جنرل الخدمت زینت شاہ اور دیگرمہمانوں نے خصوصی افرا دکوویل چئیرز اور تحائف دئیے۔ نائب صدرالخدمت فاونڈیشن پاکستان ذکراللہ مجاہد نے الخدمت آغوش گوجرانوالہ میں خصوصی افراد کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ الخدمت کی کوشش ہے پاکستان بھرمیں کوئی خصوصی فردایسا نہ رہے جسے ویل چئیرکی ضرورت ہواور ہم اسے فراہم نہ کرسکیں لیکن اس کیلئے ہمیں اہل خیرسمیت پوری قوم کا ساتھ چاہیے اب تک الخدمت 45ہزار ویل چئیرز خصوصی افراد کو فراہم کرچکی اور ہرضلع اور علاقے میں خدمت کایہ مشن جاری ہے