اسلام آباد(صباح نیوز)وزار ت مذہبی امور نے حج درخواستوں کی وصولی میں 7دن کی توسیع کر دی گئی ہے، 10دسمبر تک درخواستیں جمع کرائی جا سکتی ہیں ،03دسمبر تک موصول ہونے والی تمام حج درخواستیں کامیاب قرار دے دی گئیں،مزید 7دن میں اگر کوٹے سے زیادہ درخواستیں آئیں تو ان کے درمیان قرعہ اندازی کی جائے گی ۔
ترجمان وزارت مذہبی امو رنے مطابق وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین کے بیان میں کہاہے کہ 18 نومبر تا 03 دسمبر حج درخواستیں جمع کرانے والے تمام عازمینِ حج کو کامیاب قراردے دیا گیا۔ سپانسرشپ سکیم میں موصول ہونے والی تمام حج درخواستیں بھی کامیاب ہیں۔ وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے بیان میں کہا کہ دور دراز علاقوں میں حج درخواستوں کے داخلہ میں مشکلات کے باعث عازمینِ حج کی درخواست پر وصولی میں 7 دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔
سرکاری حج سکیم میں درخواستیں اب 10 دسمبر تک نامزد بینکوں میں جمع کرائی جا سکیں گی۔ کوٹہ سے زائد درخواستیں موصول ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمندر پار پاکستانی 10 دسمبر تک سپانسرشپ کی رقم لازمی جمع کروا دیں۔ سپانسرشپ سکیم میں موصول درخواست گذاروں کو بلا قرعہ اندازی کامیاب قرار دیا جائے گا۔ وزارت کی ویب سائٹ پر آن لائن پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے حج درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے۔ عازمینِ حج کو نئی ہدایات کے لیے پاک حج موبائل ایپ ڈاون لوڈ کر نے کا کہا گیا ہے