اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحما ن سے جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیرکے سابق امیر عبدالرشید ترابی نے ملاقات کی ہے ، ملاقات میں مسئلہ کشمیرسمیت اہم امورتبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پرحافظ نعیم الرحما ن نے کہاکہ پاکستان کے حکمران کی کمزور پالیسی اور بے جان موقف کی وجہ سے تحریک آزادی کشمیرکا سفر طویل ہواہے ،مودی کے ظالمانہ اور متعصبانہ اقدامات کو بروقت حکومت پاکستان نے جواب نہیں دیاجس کی وجہ سے مودی کو مزید شہ ملی اور وہ مسلسل مظالم ڈھارہاہے اور اپنے خطرناک عزائم کو آگے بڑھارہاہے
،ہندوستان کاوزیر داخلہ اعتراف کررہاہے کہ تحریک آزادی ختم کرنا میرا ہدف ہے اورہندوستا ن کی خفیہ ایجنسی را کشمیری قائدین کو نشانہ بنارہی ہے چاردھائیوںسے ہندوستان کی قابض فوج ریاستی دہشت گردی کی مرتکب ہورہی ہے،حکومت پاکستان وزیر خارجہ ہندوستان کے اصل چہرے کو عالمی سطح پر بے نقاب کرے،تحریک آزادی کشمیردراصل تحریک پاکستان ہی کاتسلسل ہے،اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد انتخابات کے بعد کی صورت حال اور مودی کے عزائم سے آگاہ کیا،پاکستان کے عوام اور جماعت اسلامی نے آزادی کے اس پورے سفر میں حقیقی پشتیبانی کا کردار اد اکیا اس پر شکریہ ادا کیا،اہل کشمیرحافظ نعیم الرحمان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انھوںنے کشمیریوںکی ترجمانی کی اہل کشمیرکوپاکستان کی داخلی صورت حال پر تشویش ہے۔