اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی لاشوں پر جھوٹ پھیلا کر ریاست کو بدنام کر رہی ہے۔وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے ویڈیو بیان میں کہا کہ یہ آپس کی لڑائی میں بدست و گریبان ہیں، یہ اپنی شرمندگی چھپانے کے لئے لاشوں کی سیاست کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کا پرامن احتجاج نہیں تھا، یہ اسلحہ سے لیس جتھہ تھا جو یہاں پر دھاوا بولنا چاہ رہا تھا، ایک شخص نے ویڈیو پیغام دیا کہ اس کے بیٹے کو شہید کرنے کی غلط اطلاعات پھیلائی گئیں، اس نے تردید کی اور کہا کہ یہ فیک نیوز ہے اور میرا بیٹا گھر پر بیٹھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نوسربازوں کی جماعت ہے، یہ سکیورٹی فورسز اور پولیس کے جوانوں کو نشانہ بناتے ہیں، پولیس اور رینجرز کے چار جوان شہید ہوئے، ان کے خاندانوں کے ساتھ کسی نے اظہار ہمدردی نہیں کیا، قوم کی بدقسمتی ہے کہ ایسے لوگ سیاسی جماعتیں بنا لیتے ہیں جنہیں کوئی عقل اور فہم نہیں ، قوم کے ساتھ بھونڈا مذاق کیا جا رہا ہے۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ لاشیں ٹک ٹاک، فیس بک، ایکس، واٹس اپ پر ملیں گی، لاش ایک بھی نہیں، ہوتی تو سامنے آ جاتیں، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سب غلط ہے 12 لاشیں ہیں، لطیف کھوسہ نے کہا کہ ان کے گھر پر کئی لاشیں موجود ہیں۔ ان کے پاس کوئی ایک ویڈیو ثبوت موجود نہیں ، کوئی ایک ثبوت پیش کریں جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کوئی اہلکار فائرنگ کرتا ہوا دکھائی دے، تحریک انتشار گولی چلانے کا جھوٹا بیانیہ بنا رہی ہے۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ قوم کی بدقسمتی ہے کہ عقل سمجھ اور فہم سے عاری افراد بھی سیاسی جماعتیں بنالیتے ہیں، تحریک انصاف نے ابھی تک رینجرز اور پولیس کے 4 شہید اہلکاروں کے حوالے سے مذمتی بیان نہیں آیا ہے،
انہوں نے متاثرہ خانداروں سے اظہار افسوس اور اظہار ہمدردی تک نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ دنیا کے مہذب ملکوں میں کوئی کلاشنکوف، غلیلیں، بنٹے، آنسو گیس کے شیل، دستی بم اور اسٹین گنوں کے ساتھ آئے تو احتجاج کی اجازت نہیں دی جاتی، 5 منٹ میں اندرکیا جاتا ہے۔عطا اللہ تارڑ نے واشنگٹن اور لندن میں بیٹھ کر آوازیں اٹھانے والے بتائیں کیا وائٹ ہاس یاٹین ڈاننگ اسٹریٹ کے اس قسم کے ہتھیاروں سے لیس مظاہرین کو احتجاج کی اجازت دی جائے گی؟۔وفاقی وزیر اطلاعات نے اسلام آباد میں احتجاج کے دوران مبینہ طور پر رینجرز کی جانب سے کنٹینر سے گرائے گئے شہری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ شخص منڈی بہائوالدین کا رہائشی اور زندہ ہے، مگر اس کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ یہ کہتے ہیں کہ کنٹینر پرنماز پڑھنے والے کوگرادیا، کنٹینرنمازپڑھنے کی جگہ نہیں،نمازپڑھنے کیلئے اسلام آباد میں بہت مساجد ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ پرامن مظاہرین نہیں تھے، یہ جدید اسلحے سے لیس جتھا تھا جو یہاں دھاوا بولنا چاہتا تھا، کیونکہ لوگ نہ ہونے کے باعث یہ بری طرح ناکام ہوئے ہیں اس لیے اب شرمندگی چھپانے کے لیے لاشوں کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف میں آپس میں نوک جھونک چل رہی ہے، کبھی بشریٰ بی بی علی امین سے لڑرہی ہیں اور علی امین بشریٰ بی بی سے لڑرہے ہیں، 6، 7 گروپ بن گئے ہیں اور سب ایک دوسرے سے دست و گریبان ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سیف نے گزشتہ دنوں میری پریس کانفرنس کا جواب دیا، ان سے کہوں گا مجھے چپ ہی رہنے دیں، بہت ساری باتیں ایسی ہیں جو صرف آپ اور میں ہی جانتے ہیں، اگر میں نے وہ باتیں قوم کو بتادیں تو آپ خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان نہیں رہ سکیں گے۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ انشااللہ معاشی ترقی میں مزید بہتری آئے گی، ترقی کا سلسلہ جاری ہے، سٹاک ایکسچینج کا ایک لاکھ پوائنٹس کی سطح عبور کرنا، تمام ریکارڈ توڑ دینا اس بات کی دلیل ہے کہ معیشت کی ترقی ہو گئی ، مہنگائی 4.8 فیصد، شرح سود 15 فیصد، ترسیلات زر 8.8 ارب ڈالر، زرمبادلہ کے ذخائر 11 ارب ڈالر ہو گئے ہیں، ایک سیاسی جماعت ملک کو ڈیفالٹ کرانے کے لئے آئی ایم ایف کو خط لکھ رہی تھی۔انہوں نے کہاکہ ایم ڈی آئی ایم ایف نے بھی کہا تھا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اگر اس معاملے کو سنجیدہ نہ لیتے تو ملک کا ڈیفالٹ سے بچنا ممکن نہیں تھا، ہم ڈیفالٹ کے دھانے سے اس مقام پر پہنچے ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دن رات محنت اور کوششوں کی بدولت مہنگائی میں کمی واقع ہوئی، شرح سود کم ہونے سے ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔