تحریک عدم اعتماداپوزیشن کااستحقاق ہے،سیاسی مقابلہ کرینگے،شاہ محمود قریشی


ملتان(صباح نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے ، تحریک عدم اعتماداپوزیشن کااستحقاق ہے۔ عدم اعتمادکاسیاسی طورپرمقابلہ کریں گے،اپوزیشن تقسیم ہے اور ن لیگ میں بھی دو دھڑے ہیں۔ ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این اے 156 میں مختلف منصوبوں کا آغاز کررہا ہوں، اس حلقے میں تین پارکوں کا افتتاح کررہے ہیں، ہم وزیر اعظم کے مشن کو آگے لے کر بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا حق ہے ضرور پیش کریں، ہم مقابلہ کریں گے، مجھے یقین ہے اپوزیشن کو شکست ہوگی، اپوزیشن تقسیم ہے، ن لیگ میں بھی دو دھڑے ہیں، پی پی پی ابھی انتخابات نہیں چاہتی عدم اعتماد چاہتی ہے، جب کہ ن لیگ انتخابات کا تقاضا کررہی ہے، اور ان اشخاص کے پاس چل کر جاتی ہے جن کو کہتے تھے یہ جعلی لوگ ہیں، تحریک انصاف کے حلیفوں سے ان کا رابطہ کرنا ان کے دعوئوں کے برعکس ہے،ن لیگ کا بیانیہ دفن ہو گیا جب وہ چوہدری برادران کے در پر چل کر گئے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم سندھ کے حقوق کے لیے نکلے ہیں۔

بلاول ملتان آئے تھے، میں لاڑکانہ آرہا ہوں۔بلاول کے سوالوں کا جواب ان کے گھر آ کر دوں گا۔وزیرخارجہ نے کہا کہ تحریک انصاف نے نئے اسٹینڈرز سیٹ کیے ہیں تاکہ ہر وزارت اپنی کارکردگی کا عملی مظاہرہ کرے، وزیر اعظم نے وزارت خارجہ کی کئی بار تعریف کی، عمران خان نے کہا کہ چین کا اتنا کامیاب دورہ اور اتنی پذیرائی پہلے کبھی نہیں ملی، نیشنل پریڈ میں تمام مسلم امہ کے وزرا ئے خارجہ شامل ہوں گے۔