سیاستدانوں سے ملنا ہمارا کام ہے،وزیر اعظم پی ٹی آئی والوں کو کہہ دیں گھبرانا نہیں،مونس الٰہی


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الٰہی نے کہا ہے کہ سیاستدانوں سے ملنا ہمارا کام ہے،وزیر اعظم پی ٹی آئی والوں کو کہہ دیں گھبرانا نہیں ۔

پاکستان میں ہائیڈرو پاور ڈویلپمنٹ کے حوالے سے منعقدہ عالمی سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں، سیاستدانوں سے ملنا ہمارا  کام ہے، سیاسی لوگ تعلقات بناتے اور  نبھاتے ہیں، جوگھر آئے ان کا خیرمقد م کرنا اور ملنا ہمارا کام ہے۔

مونس الٰہی نے کہا کہ سیاسی  معاملات اپنی جگہ ملک کی خدمت کرتے رہیں گے، وزیراعظم سے تعلق بنا ہے اسے نبھائیں گے، وزیراعظم سے گزارش ہے ایک بار پھر پی ٹی آئی والوں کو کہیں گھبرانا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کا منصوبہ وزیراعظم کے  پاس لیکر جائیں گے، پاکستان کے لیے ڈیمز بنانا  ضروری ہے۔