وزیر اعظم کا 18ویں ترمیم مخالف بیان قابل مذمت ہے،شیری رحمان


اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا 18ویں ترمیم مخالف بیان قابل مذمت ہے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا 18 ترمیم اور پارلیمانی جمہوریت مخالف بیان قابل مذمت ہے، سی این این کو انٹریو میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ18ویں ترمیم سے مسائل آئے ، 18ویں ترمیم آئین پاکستان کے بعد دوسرا سب سے بڑی متفقہ دستاویز تھی جو صدارتی اختیارات آپ چاہتے ہیں وہ آصف زرداری نے پارلیمان کو منتقل کئے۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کے ساتھ عدم تعاون کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہوتی ہے، تین صوبوں میں آپ کی پارٹی کی حکومت ہے، کیا پنجاب، کے پی کے اور بلوچستان کے عدم تعاون کا ذمہ دار بھی کوئی اور ہے؟ اپنی نااہلی اور ناکامیوں کا کب تک دوسروں کو مورد الزام ٹھہرائیں گے؟ ، وزیراعظم متنازعہ بیانات دینے سے گریز کریں۔