کراچی: جمالی پل کے قریب ڈمپر نے پروفیسر اور اہلیہ کو کچل دیا


کراچی ( صباح نیوز) کراچی میں سپرہائی وے جمالی پل کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے کالج پروفیسر اور ان کی اہلیہ کو کچل دیا، دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے 54 سالہ طارق ولد صلاح الدین اوران کی اہلیہ 55 سالہ نادیہ زوجہ طارق صلاح الدین کی ، لاشیں چھیپا ایمبولینس کے ذریعےعباسی شہید ہسپتال منتقل کی گئیں۔

طارق صلاح الدین عبداللہ گورنمنٹ کالج میں فزکس کے پروفیسر اور اسکیم 33 کے رہائشی تھے اور انہوں نے حال ہی میں عزیز آباد میں نیا گھر لیا تھا اوراپنے گھر کے سامان کی شفٹنگ کروا رہے تھے۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے میاں بیوی کے سوگواران میں 2 بیٹے اورایک بیٹی شامل ہے۔پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے ڈمپر کو تحویل میں لینے کے بعد تھانے منتقل کردیا اور ڈمپر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کردی۔

جاں بحق ہونے والی خاتون نادیہ مقامی صحافی اور ایسوسی ایٹڈ پریس کے کیمرہ مین محمد فاروق کی ہمشیرہ تھیں ، مرحوم پروفیسر طارق صلاح الدین اور انکی اہلیہ کی نماز جنازہ 2 دسمبر بروز پیر بعد نماز ظہر دوپہر 1:30 بجے مسجد الصفہ عزیز آباد فیڈرل بی ایریا بلاک 2 میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین سخی حسن قبرستان میں ہوگی ۔
علاوہ ازیں، وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے حادثے کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ڈرائیور کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کارروائی میں ٹریفک قوانین پر مشتمل جملہ اقدامات کو غیرجانبدار اور موثر بنایا جائے، جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔