سپریم کورٹ نے ایک ماہ میں4372 مقدمات نمٹا دئیے، 28 اکتوبر سے 29 نومبر تک کی رپورٹ جاری


اسلام آباد(صباح نیوز) سپریم کورٹ نے ایک ماہ میں چار ہزار 372 مقدمات نمٹا دئیے۔  سپریم کورٹ نے 28 اکتوبر سے 29 نومبر تک کی رپورٹ جاری کردی۔جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق ایک ماہ کے دوران 1853 نئے مقدمات دائر ہوئے،جبکہ4372 مقدمات نمٹائے۔ چیف جسٹس اور ساتھی ججز نے انتھک کوشش کی،زیر التوا مقدمات نمٹانے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے،جوڈیشل ریفارمز چیف جسٹس کے ایجنڈے میں ترجیح پر ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس یحیی آفریدی کی قیادت میں یہ اس عزم کا اظہار ہے کہ سپریم کورٹ پرانے مقدمات کو جلد سے جلد ختم کرنا چاہتی ہے۔ اس سلسلے میں چیف جسٹس اور ان کے ساتھی ججز نے دن رات کام کیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق مقدمات کے تیز رفتار فیصلوں کے علاوہ چیف جسٹس نے عدالتی اصلاحات کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو مقدم رکھا اور اس سلسلے میں عوام کی آرا سے آگاہی کے لیے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئیں۔ سپریم کورٹ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ عدلیہ کو صاف، شفاف اور عوام کے لیے قابلِ رسائی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔