آرمی چیف کا نیشنل کائونٹر ٹیررازم سینٹر کا دورہ، پاک چین مشترکہ مشق کے دوران شرکا کی پیشہ ورانہ مہارت اور بلند حوصلے کو سراہا

راولپنڈی (صباح نیوز ) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے نیشنل کاونٹر ٹیررازم سینٹر( این سی ٹی سی) پبی کا دورہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان پاک چین مشترکہ مشق کے شرکا سے بات چیت کی۔ آرمی چیف نے مشترکہ مشق کے دوران شرکا کی پیشہ ورانہ مہارت اور بلند حوصلے کو سراہا۔

بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف نے پاکستان اور چین کی افواج کے درمیان مشترکہ مشق “وارئیر-8” کے شرکا سے ملاقات کی جہاں آرمی چیف کو مشق کے دائرہ کار اور اس کے انعقاد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق “وارئیر-8” مشق 19 نومبر 2024 کو شروع ہوئی تھی، جو تین ہفتوں پر محیط انسداد دہشت گردی کے شعبے میں دوطرفہ مشقوں کی سالانہ سیریز کا آٹھواں حصہ ہے۔ اس سے قبل این سی ٹی سی پبی پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال کور کمانڈر راولپنڈی نے کیا۔