نائب وزیراعظم اسحق ڈار پیر سے ایران کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے


اسلا م آباد(صباح نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار پیر سے ایران کے شہر مشہد کا دو روزہ سرکاری دورہ کریںگے جہاں وہ اقتصادی تعاون تنظیم کی وزرا کونسل کے اٹھائیس ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔سرکاری ذرائع کے مطابق اجلاس میں اپنے خطاب میں نائب وزیر اعظم ای سی او کے منشور سے متعلق پاکستان کے عزم کا اعادہ کریںگے اور خطے میں ریل اور سڑکوں کے نیٹ ورکس کی ترقی، ویزے کے اجرا اور سرحدی طریقہ کار میں آسانی سے خطے میں رابطے کی وسیع صلاحیت کو اجاگر کریں گے۔

اسحاق ڈار مشرق وسطی میں جارحیت پر پاکستان کی تشویش کا بھی اعادہ کریں گے جس سے خطے کا امن اور سلامتی خطرے سے دو چار ہے۔ وہ ای سی او کلین انرجی سنٹر کیلئے منشور پر دستخط کریں گے۔ نائب وزیراعظم وزارتی اجلاس کے موقع پر اس میں شریک وزرااور دیگر ممتاز شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔۔