اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہاہے کہ جناح میڈیکل کمپلیکس میں صحت کی دیکھ بھال اور تحقیق کے بہترین معیارات قائم کیے جائینگے، جناح میڈیکل کمپلیکس پراجیکٹ کے ماسٹر پلان کی منظوری دی گئی۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے جناح میڈیکل کمپلیکس منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ، سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسز پروفیسر خالد سعید اختر، چیئرمین سی ڈی اے اور بوستان کنسلٹنٹس کے نمائندوں نے شرکت کی۔بوسٹن کنسلٹنٹس کی جانب سے بنائے گئے پراجیکٹ کے ماسٹر پلان پر تفصیلی پریذنٹیشن دی گئی جس کے بعد تفصیلی گفتگو ہوئی اور کمیٹی نے منصوبے کی منظوری دی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی جانب سے جدید سہولیات اور تحقیق کے حامل اس ادارے کا نام جناح میڈیکل ریسرچ سینٹر رکھنے کی تجویز پیش کی گئی۔ وفاقی وزیر نے جدید اور اعلی معیار کی تعمیر کو یقینی بنانے کے لیے اس میں گرین ٹیکنالوجیز کے استعمال کے ساتھ ساتھ روایتی طرز تعمیر اپنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (PKLI) فروری 2025 تک پراجیکٹ کے ڈیزائن کو اپریل 2025 تک ضروری منظوریوں کے ساتھ حتمی شکل دے گا۔ منصوبے کو سازگار اور اس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ایک خصوصی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔سہولیات کی بہتر فراہمی کے لیے، وفاقی وزیر نے میڈیکل طلباء کے لیے کھیلوں اور تفریحی سہولیات کو شامل کرنے کی ہدایت دی، جن میں ایک جمنازیم، کھیلوں کے میدان، اور ٹینس کورٹ شامل ہیں۔ ایمرجنسی مریضوں اور ایمبولینسز کے لیے علیحدہ داخلی راستے بھی سہولت کی کارکردگی کو بڑھا دیں گے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ جناح میڈیکل ریسرچ سینٹر جدید طبی تعلیم اور تحقیق کی سہولیات سے آراستہ بہترین ادارہ ہوگا۔ اس ادارے کے قیام سے صحت اور تحقیق میں بہترین معیارات قائم کیے جائینگے۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments