اسلام آباد (صباح نیوز )پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی)کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔اور انہوں نے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھیج دیا ہے۔ یاد رہے کہ رواں برس ستمبر میں پی ٹی آئی کے رہنما اور سینئر وکیل سلمان اکرم راجہ کو عمران خان کی ہدایت پر پارٹی کا جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی 24 نومبر کی فائنل کال میں سرگرم کردار ادا نہ کرنے پر انہیں سخت تنقید کا سامنا تھا۔ دوسری جانب پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سلمان اکرم راجہ کے استعفے کی تصدیق کردی ہے۔ نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ تاحال سلمان اکرم راجہ کا استعفی منظور نہیں کیا۔ مزید بتایا کہ سلمان اکرم راجہ کو لاہور سے قافلہ لے کر اسلام آباد جانے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی، راستے بند ہونے کے بعد سلمان اکرم راجہ کی جانب سے لاہور میں ہی احتجاج کا پلان بنایا گیا تھا۔