اسلام آباد(صبا ح نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی جارحانہ کاروائیوں کی شدید مذمت کر تے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کی نسل کشی روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے، 29 نومبر کوفلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہاکہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر فلسطینیوں کے حق ِخودارادیت کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتے ہیں۔ پاکستان 1967 سے قبل کی سرحدوں کے مطابق ایک ایسی آزاد، پائیدار اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔
انہوں نے کہاکہ ہم آزادی، وقار اور انصاف کیلئے فلسطینی عوام کی جائز جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔یہ دن ایک ایسے وقت میں منایا جا رہا ہے جب اسرائیل کی جانب سے جاری فوجی مہم غزہ اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نسل کشی، بنیادی ڈھانچے اور رہائشی علاقوں کی تباہی، مصائب اور فلسطینیوں کی نقل مکانی کا باعث بن رہی ہے۔
گزشتہ سال کے دوران، عالمی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی میں اسرائیلی اقدامات کی وجہ سے بچوں اور خواتین سمیت 45 ہزار سے زائد فلسطینی اپنی جانیں کھو چکے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے اقوام ِمتحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین ان دی نیر ایسٹ کے ساتھ ساتھ دیگر امدادی ایجنسیوں کے کام میں رکاوٹیں ڈال کر لاکھوں فلسطینیوں کو زندگیاں بچانے والی انسانی امداد سے جان بوجھ کر محروم کیا جا رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ اسرائیلی دیدہ دلیری اور خطے کے دیگر ممالک کے خلاف مسلسل جارحیت پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔پاکستان ان جارحانہ کاروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کی نسل کشی روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے۔
عالمی ضمیر اسرائیلی قبضے کی وجہ سے بے مثال مشکلات کا سامنا کرنے والے لاکھوں لوگوں کی حالت زار نظر انداز نہیں کر سکتا ۔صدر مملکت نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جاری اسرائیلی قبضہ اور بین الاقوامی قوانین کی مسلسل بے توقیری خطے میں قیام ِامن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔آج پاکستان عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی، لاکھوں فلسطینیوں کے مصائب کم کرنے کے لیے بلا روک ٹوک انسانی امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اسرائیل کو اس کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرانے کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے۔
اسرائیلی اقدامات کو عالمی عدالت انصاف نے بجا طور پر “قرین ِقیاس نسل کشی” قرار دیا ہے۔ پاکستان اس سلسلے میں اسرائیل اور اس کی قیادت کے احتساب کے لیے تمام اقدامات کا خیرمقدم اور حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج کا دن فلسطینی عوام کے لیے انصاف اور مساوات یقینی بنانے کے لیے ہماری مشترکہ ذمہ داری کی زوردار یاد دہانی ہے۔ پاکستان فلسطین کی حمایت جاری رکھے گااور فلسطینیوں کے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت کی حمایت کے لیے پرعزم ہے