لاہور(صباح نیوز ) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جناح ہاوس سمیت 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ عدالت نے 9 مئی کے 8 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پرفیصلہ محفوظ کیا تھا۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے فیصلہ سنا دیا،انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے ضمانتیں بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی۔اس موقع پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر مقدمات میں نامزد کیا گیا، 9 مئی جلاو گھیرا ٰؤکے مقدمات سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کوئی لینا دینا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب 9 مئی ہوا، اس وقت بانی پی ٹی آئی عمران خان گرفتار تھے بعد ازاں وہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت بھی کرچکے ہیں۔انہوں نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 30 مقدمات میں حکومت کے خلاف فیصلے ہو چکے ہیں، 25 کے قریب فیصلے آپ کے سامنے رکھ رہا ہوں، ہر مقدمہ میں مدعی پولیس والے ہیں، حکومت گوگلی، لیگ بریک، آف بریک دوسرا، تیسرا پھینک چکے ہیں، کبھی کہتے ہیں سازش اس طرح ہوئی، پھر کہتے ہیں نہیں اس طرح سے سازش ہوئی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ڈیڑھ سال سے جیل میں ہیں، درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانتیں منظور کی جائیں۔تاہم پراسکیوشن نے عمران خان کی ضمانتوں کی مخالفت کی اور ضمانتیں مسترد کرنے کی استدعا کی۔اسپیشل پراسکیوٹر نے دلائل د ئیے کہ جو فیصلے پیش کیے گئے ان کا ان کیسز سے تعلق نہیں ہے، ملزم کے اشارے پر 200 تنصیبات پر حملے کیے گئے سوشل میڈیا پر کہا گیا کہ آج حقیقی جہاد کا دن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ رینجر اور پولیس اہلکار شہید ہوئے، ملزم کہتا ہے کہ میں تو جیل میں ہوں، عدالت ضمانتیں مسترد کرے۔عدالت نے عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔بعد ازاں، لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں منظور کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔واضح رہے کہ عمران خان نے جناح ہاوس ،عسکری ٹاور شادمان جلاو گھیراو کے 8 مقدمات میں ضمانتیں دائر کر رکھی ہیں۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments