ریاض (صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی کے مابین تعلقات مشترکہ مذہبی اقدار اور باہمی احترام کے جذبے پر مبنی ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مسلم امہ کے اتحاد اور جدید دور کے مسائل پر گرینڈ مفتی نے ہمیشہ عالم اسلام کی رہنمائی کی ہے۔ تنازعات کے خاتمے، مسائل پر قابو پانے کے گرینڈ مفتی نے مثالی کردار ادا کیا ہے، خطے میں امن و استحکام کا فروغ عالم اسلام کی قیادت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی گرینڈ مفتی شیخ عبد العزیز بن عبداللہ الشیخ سے ملاقات میں کیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے گرینڈ مفتی کا شکریہ کرتے ہوئے ان کی عالم اسلام کے لئے خدمات، مشکلات میں اسلامی اقدار کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ مذہبی اقدار اور باہمی احترام کے جذبے پر مبنی ہیں۔ انہوں نے مسلم امہ کے اتحاد کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور سعودی عرب کا جدید دور کے چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان تعلیمی اور مذہبی شعبوں میں سعودی عرب کے ساتھ معاونت کا خواہاں ہے، تعلیمی اور مذہبی شعبوں میں معاونت کاری اسلام کا پیغام عام کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کا فروغ عالم اسلام کی قیادت کی مشترکہ ذمہ داری ہے، پاکستان امن و استحکام کے اقدامات کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بین العقائد ڈائیلاگ، مفاہمت کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ برداشت اور تحمل کے فروغ کے لئے گرینڈ مفتی کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، مذہبی تعلیم اور ماہرین کے وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا ہوگی، گرینڈ مفتی سے ملاقات بہت بڑا اعزاز ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سعودی عرب کی مہمان نوازی اور ثقافت کی تعریف کی۔ چیئرمین سینیٹ نے گرینڈ مفتی کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے گرینڈ مفتی کے ساتھ گہرا لگا رکھتی ہے ، سعودی گرینڈ مفتی کے جاری کئے گئے فتوے نہ صرف سعودی عرب بلکہ پورے عالم اسلام کی رہنمائی کرتے ہیں، مسلم امہ کے اتحاد اور جدید دور کے مسائل پر گرینڈ مفتی نے ہمیشہ عالم اسلام کی رہنمائی کی ہے، تنازعات کے خاتمے، مسائل پر قابو پانے کے گرینڈ مفتی نے مثالی کردار ادا کیا ہے، پاکستانی حکومت عوام گرینڈ مفتی کے مثبت کردار کی معترف ہے۔