اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ریاست علی آزاد نے امریکی صدر جو بائیڈن سے ڈاکٹر عافیہ کی سزا معاف کرنے کی درخواست نمبر C310439 کو منظور کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک وکیل کی حیثیت سے میں نے ڈاکٹر عافیہ کے کیس کا انتہائی توجہ کے ساتھ مطالع کیا ہے۔ عافیہ موومنٹ پاکستان کے ترجمان محمد ایوب نے عافیہ موومنٹ اسلام آباد کے آرگنائزر فاروق شاہ خان کے ہمراہ ایڈوکیٹ ریاست علی آزاد سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
اس موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے سیکریٹری شفقت عباس تارڑ اور ایڈوکیٹ شاہینہ بھی موجود تھیں۔ ایڈوکیٹ ریاست علی آزاد نے کہا کہ میں نے خط کے توسط سے امریکی صدر سے اپیل کی ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو رہا کیا جائے کیونکہ ان کے خلاف کورٹ ٹرائل میں خامیوں کے باعث انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ جو کہ انسانی اور عورتوں کے حقوق کا دعویدار ہے اور امریکی لیڈر شپ کا آئین اور قانون کی بالادستی کے دعوے کا تقاضہ ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے انہیں رہا کیا جائے۔