آرمی چیف سے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین کی ملاقات

اسلام آباد (صباح نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین  جنرل ژانگ یوشیا نے ملاقات کی ہے۔جنرل عاصم منیر سے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وفد نے بھی ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے باہمی اعتماد اور تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین تاریخی دوستی نے ہر مشکل وقت کا مقابلہ کیا، آرمی چیف نے بین الاقوامی اور علاقائی ماحول میں تبدیلیوں کے باوجود پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔جنرل ژانگ یوشیا نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور خراج عقیدت پیش کیا، انہیں جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔آرمی چیف نے کہا ہے کہ پاک چین تاریخی شراکت داری مزید بڑھنے کے لیے تیار ہے۔

آرمی چیف نے تمام حالات میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔جنرل ژانگ یوشیا نے  سٹریٹجک پارٹنرشپ سے متعلق پاکستان کی ثابت قدمی کی تعریف کی۔چینی سینٹرل ملٹری کمیشن نے انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف بھی کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ژانگ یوشیا نے پائیدار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔