سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران ہلاکتوں کے معاملے پر ازخود نوٹس لینے کی استدعا مسترد کردی


اسلام آباد (صباح نیوز)سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران ہلاکتوں کے معاملے پر ازخود نوٹس لینے کی استدعا مسترد کردی۔بدھ کو جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ نے ماحولیاتی تبدیلی اتھارٹی کیس کی سماعت کی

،ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونیوالے خیبرپختونخوا حکومت کے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت سے گزشتہ روز کے واقعات پر ازخود نوٹس لینے کی استدعا کی ۔صوبائی حکومت کے وکیل نے کہاکہ گزشتہ روز دونوں اطراف سے ہلاکتیں ہوئیں ۔ آئینی بینچ ایسے واقعات پر ازخود نوٹس لے سکتا ہے،استدعا ہے کہ عدالت ان واقعات پرازخود نوٹس لے۔جسٹس مسرت ہلالی نے صوبائی وکیل کی سرزنش کی اورکہا سپریم کورٹ میں پیش ہوکر سیاسی باتیں نہ کریں ۔

آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ جو معاملہ سرے سے ہمارے سامنے ہے ہی نہیں اسے نہیں دیکھ سکتے،بینچ کے رکن جسٹس جمال مندوخیل نے بھی تائید کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کا معاملہ ہمارے سامنے نہیں ہے۔ اس پر بات نہیں کرنا چاہتے۔    آئینی بینچ نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ خیبر پختو نخوا کی زبانی استدعا مسترد کر دی۔