اسلام آباد(صباح نیوز)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق روسی ہم منصب کی خصوصی دعوت پر پارلیمانی وفد کے ہمراہ تین روزہ دورے پر روس روانہ ہوگئے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق پارلیمانی وفد میں ممبران قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل، سید آغا رفیع اللہ، ڈاکٹر محمد فاروق ستار، رانا محمد حیات خان اور شیر علی ارباب شامل ہیں۔ دورے کا مقصد پاک-روس تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے پارلیمانی رابطوں کو فروغ دینا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی اپنے دورے کے دوران روسی ہم منصب، نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ سمیت دیگر اہم سیاسی شخصیات سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔
ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے پارلیمانوں کے مابین رابطوں کو فروغ دینے سے متعلق یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ ملاقاتوں میں پاک-روس دوطرفہ تعلقات، تجارت اور متفرق شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔ ملاقاتوں میں پارلیمانی سطح پر رابطوں کو مزید فروغ دینے پر بات چیت کی جائے گی۔ سپیکر کی سربراہی میں پارلیمانی وفد کا دورہ دونوں ممالک کے مابین اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ وفد کے دورے سے پاک-روس تعلقات میں باہمی اعتماد اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔پاکستانی وفد روس میں قیام کے دوران مختلف تاریخی اور ثقافتی مقامات کا بھی دورہ کرے گا۔ پارلیمانی وفد کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔ پاک-روس تعلقات علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر انتہائی اہمیت کے حامل سمجھے جاتے ہیں