وزارت پٹرولیم نے پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی میں خلل پر نوٹس لے لیا


اسلام آباد(صباح نیوز)وزارت پٹرولیم نے پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی میں خلل پر نوٹس لے لیا ۔ترجمان کے مطابق پٹرولیم ڈویژن نے مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ پٹرول و ڈیزل کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا

۔پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر راستوں کی بندش سے پٹرول پمپوں کو سپلائی معطل ہے اور کچھ پمپوں پر پیٹرول کا ذخیرہ ختم ہونے کی اطلاعات ہیں۔انہوںنے کہا کہ سندھ میں اتنا اثر نہیں ہو رہا مگر پنجاب اور کے پی میں ٹینکر نہیں پہنچ پا رہے، اطلاعات ہیں کہ راستے بند ہونے سے کی گاڑیاں بند ہوچکی ہیں اور بڑی پریشانی کا عالم ہے، جہاں بھی پیٹرول ملتا ہے لوگ لے لیتے تھے مگر ابھی تو راستے بند ہونے سے لوگ لینے کے بھی قابل نہیں ۔انہوں نے کہا کہ راستوں کی بندش سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں پٹرول قلت ہوسکتی ہے، حکومت فوری طور پر بلا تعطل فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے ۔