پی ٹی آئی احتجاج،سڑکوں کی بندش سے مویشی ہلاک، انڈوں اور سبزیوں کی سپلائی معطل

اسلام آباد ( صباح نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے پر تشدد مظاہروں کے پیش نظر راستوں کی بندش کے باعث غذائی اجناس کی دستیابی میں 50 فیصد قلت پیدا ہو گئی ۔تفصیلات کے مطابق راستوں کی بندش سے سندھ اور پنجاب کی سرحد پر گاڑیوں کی کئی کلومیٹر قطاریں لگ گئی ہیں اور گاڑیوں میں لدا مال خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ کمالیہ سے روزانہ چالیس لاکھ انڈوں کی سپلائی رک گئی ہے جبکہ دو روز سے پھنسی گاڑیوں میں دس مویشی ہلاک ہوچکے ہیں۔ اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں میں اجناس، سبزیوں اور پھلوں کی رسد بند ہے، جس سے سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں۔

ٹماٹر کی ٹرپل اور پیاز کی ڈبل سنچری ہوچکی ہے۔ لاہور میں مرغی کے گوشت کی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں پیٹرول اور ڈیزل کا اسٹاک ختم ہونے کا خدشہ ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیز مینجمنٹ سلمی بٹ نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سبزی، انڈے، پولٹری کی سپلائی 50 فیصد کم ہوئی ہے ، قیمتوں میں توازن برقرار رکھنے کیلئے بھرپورکوشش  جاری ہے ،  آج بھی پولیس سے رابطہ کرکے خوراک کے ٹرک کی رکاوٹیں دور کرائیں، اشیاء کی قیمتوں اورقلت کی دوری میں 2 سے 3 روزلگیں گے۔