وفاقی حکومت کا اسلام آباد میں کل تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں تمام تعلیمی ادارے کل( پیر کو) بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پیر کو تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں ڈی سی اسلام آباد نے بتایا کہ تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ موجودہ سیاسی حالات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ تعلیمی ادارے بند رکھنے کے نوٹیفکیشن کا اطلاق صرف وفاقی دارالحکومت کے تمام تعلیمی اداروں پر ہوگا۔ دوسری جانب پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن اسلام آباد نے بھی آج ( بروز پیر )سکولز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، سیکرٹری جنرل پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن عبدالوحید کا کہنا ہے موجودہ صورتحال کے پیش نظر بچوں کے لئے رسک نہیں لے سکتے۔