حکومت کسی سے ڈرنے والی نہیں، جو بھی ڈی چوک آئے گا اسے گرفتار کریں گے، وزیر داخلہ


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ حکومت کسی صورت دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں، جو بھی ڈی چوک پر آئے گا اسے گرفتار کریں گے، موبائل سروس چل رہی ہے، صرف موبائل انٹرنیٹ بند کیا گیا ہے، فیض آباد میں بیلاروس کے وفد کے روٹ پر احتجاج کرنے والے مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اسلام آباد کی موجودہ صورتحال پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو کم سے کم تکلیف پہنچانا چاہتے ہیں، غیرملکی وفد کچھ دیر میں اسلام آباد پہنچنے والا ہے، غیرملکی مہمانوں کے روٹ پر احتجاج کرنے والے مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کی ذہنیت دیکھیں، احتجاج کرنا ہے کریں، مگر آپ کو پتہ ہے کہ غیرملکی مہمان کس وقت آرہے ہیں اور آپ اسی وقت متعلقہ روٹ پر آکر پتھراو کررہے ہیں، انہوں نے کہاکہ موبائل سروس چل رہی ہے، صرف موبائل کا انٹرنیٹ بند کیا گیا ہے، سڑکیں اس مرتبہ ویسے بند نہیں کی گئیں جیسے پچھلی مرتبہ کی گئی تھیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ غیر ملکی مہمانوں کی آمد پر انتشار کسی صورت قبول نہیں، حکومت کسی صورت دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں، انتشارپھیلانیوالوں کوگرفتار کیا جائے گا۔انہوں نے دعوی کہ صرف خیبرپختونخوا سے احتجاجی جلوس آرہے ہیں، پنجاب میں کوئی ریلی نہیں ہے،محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اسلام آباد کے امن وامان کو قائم رکھنا ہے،ساری حکمت عملی ابھی نہیں بتا سکتا،ہر ماہ دھاوا بولنے والوں کی وجہ سے ملک کا نقصان ہوتا ہے اس سے قبل وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج پراجیکٹ کا اچانک دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا۔وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ نے رات گئے ایف 10 چوک کا بھی وزٹ کیا۔وزیر داخلہ نے جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔وزیر داخلہ نے منصوبے کے پائلنگ ورک کو جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبے کے انڈر پاس اور فلائی اوور کی تعمیر کے کاموں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج 12 ماہ کی بجائے صرف 4 ماہ میں مکمل ہوگا۔ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج پراجیکٹ کے تحت ایک فلائی اوور ۔ ایک انڈر پاس بنے گا اور رابطہ سڑکیں تعمیر ہوں گی۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پراجیکٹ کی مقرر کردہ مدت میں تکمیل کے لیے ٹاسک دے دیا ہے،24 گھنٹے تعمیراتی کام کرکے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف 10 چوک پر ٹریفک رواں رکھنے کیلئے پلان طلب کر تے ہوئے کہا کہ ایف 10 چوک کو کشادہ کرنے کی جامع پلاننگ کی جائے۔محسن نقوی نے ایف 10 چوک کے مستند ٹریفک کاونٹ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کاونٹ کے بعد انڈر پاس کی تعمیر کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج پراجیکٹ پر پیش رفت کے بارے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، سی ڈی اے کے سینئر افسران اور کنٹریکٹر بھی اس موقع پر موجود تھے۔