اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ شوکت ترین نے فیٹف (FATF )کی گرے لسٹ سے نہ نکل پانے کاسینیٹ میں جواز یہ پیش کیا کہ ہماری کوششوں کے باوجود بعض وجوہات کی وجہ سے ہمیں فیٹف کی گرے لسٹ سے نہیں نکالا جا رہا۔ یہ جواز اس حقیقت کا اعتراف ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور ہمیں کسی بھی فورم پر مطلوبہ حمایت حاصل نہیں ہو رہی۔”
یہ بات سینیٹر عرفان صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایک وزیر کا یہ اعتراف کہ فیٹف کی تقریبا تمام شرائط تسلیم کرنے کے باوجود ہمارے دشمن ممالک اپنی کوششوں میں کامیاب ہو رہے ہیں دراصل خارجہ پالیسی کی بدترین ناکامی ہے۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ فیٹف اور آئی ایم ایف جیسے اداروں نے نہ صرف ہماری قومی آزادی اور خود مختاری کو شکنجے میں جکڑ لیا ہے بلکہ ہر پاکستانی کی شخصی آزادی بھی ختم ہو کر رہ گئی ہے۔ حالت یہ ہے کہ سیاست بہت بڑا جرم قرار پائی ہے اور اس سے دور کا تعلق رکھنے والا شخص بینک اکاؤنٹ بھی نہیں کھول سکتا۔
انکا کہنا تھا کہ بالآخر حکومت نے تسلیم کر لیا ہے کہ نواز شریف پاکستان کو فیٹف کی وائٹ لسٹ میں چھوڑ کر گیا تھا۔ اب وزیر خزانہ کہتے ہیں کہ اٹھائیس میں سے ستائیس نکات پورے کرکے بھی پاکستان اس لیے فیٹف کی گرے لسٹ سے نہیں نکل رہا کہ ہمارے دشمنوں کی لابنگ کامیاب ہو رہی ہے ۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ پاکستان کی عالمی تنہائی کا ثبوت ہے ۔ ہمارا حال یہ ہے اور دعوی یہ کہ ہم چین اور امریکہ کے درمیان صلح کرا دیں گے۔