آئی جی اسلام آباد کا ڈی چوک کا دورہ ،سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا


اسلام آباد (صباح نیوز) آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے ڈی چوک اسلام آباد کا دورہ کیا اور پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر  کئے  جانے والے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر   گفتگو کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہا کہ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے، کسی بھی شر انگیزی سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں،

اسلام آباد میں کسی قسم کے احتجاج، ریلی یا مجمع پر پابندی ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ علی ناصر رضوی نے کہا کہ سکیورٹی پلان کا مقصد شر انگیزی کو روکنا ہے، قانون ہاتھ میں لینے والوں پر سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہوں گے، اسلام آباد کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے   کہا کہ شہرمیں سکیورٹی انتظامات عوام کی جان و مال کی حفاظت کے پیش نظر کئے ہیں، رکاوٹیں ضرور ہیں لیکن آمدورفت کے سلسلے کو بند نہیں کیا اور لوگوں کی آمدورفت کو یقینی بنایاجا رہا ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے درخواست کی کہ شہری کسی قسم کی ہنگامہ آرائی یا غیرقانونی عمل کا حصہ نہ بنیں، کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔