عمان(صباح نیوز)اردن میں اسرائیلی سفارتخانے کے قریب فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں حملہ آور ہلاک ہوگیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی سفارتخانے کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے
عمان کے قریبی علاقے ربیحا میں گشت پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے مسلح شخص کو پولیس نے جوابی کارروائی میں ہلاک کردیا جبکہ واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔عینی شاہدین نے کہا ہے کہ فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتے ہی اردن کی پولیس کی بھاری نفری نے اسرائیل کے سفارتخانے کو حفاظتی حصار میں لے لیا ۔دو عینی شاہدین نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد پولیس کی گاڑیاں اور ایمبولینسز اسرائیلی سفارتخانے کی جانب جاتی ہوئی دیکھی گئیں۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ مکینوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ شرپسند عناصر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے لہذا عوام گھروں میں ہی موجود رہے۔