انتہائی متنازعہ عام انتخابات کے منفی اثرات سے ملک ابھی تک نہیں نکل سکا، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ


لاہو ر (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان کے سیاسی مشیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے فروری 2024ء میں ہونے والے انتہائی متنازعہ عام انتخابات کے منفی اثرات سے ملک ابھی تک نہیں نکل سکا، فافن کی رپورٹ کے مطابق الیکشن ٹریبونلزبھی ڈھونگ اور رسمی کارروائی کے سوا کچھ نہیں ہیں۔ ان 23ٹریبونلز کے سامنے 337انتخابی نتائج کو چیلنج کیا گیا،

لیکن دس ماہ گزرنے کے بعد بھی صرف 17فیصد درخواستوں کا فیصلہ ہوا حالاںکہ یہ ٹریبونل 90دنوں میں فیصلے کرنے کے قانوناً پابند ہیں، یہ صورت حال انتہائی تشویش ناک ہے۔فرید پراچہ نے چیف الیکشن کمشنر کے نام اپنے خط میں انتخابی نظام کی خرابیوں، انتخابی اخراجات پر پابندیوں پر عمل درآمد کی بدترین صورت حال اور خود الیکشن کمیشن کی جانبداری اور عام انتخابات کے بعد اب کراچی میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں مسلسل ناکامیوں کو اجاگر کیا ہے۔