کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ رواں سال 7لاکھ سے زائد نوجوانوں کا بہتر معیار زندگی اور محفوظ مستقبل کیلئے ملک چھوڑکر چلے جانا حکمرانوں کی معاشی بہتری کے دعووں کی نفی ہے،انجنیئر،ڈاکٹرز سمیت ہنرمند نوجوانوں کا بیرون ملک چلے جانا حکومتی نااہلی اور پالیسیوں پر عدم اعتماد کا اظہار ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ پاکستان تیل، گیس، کوئلے وسیع ساحلی علاقے سمیت زراعت کی دولت سے مالا مال اور مخلص وپرعزم خدمت کے جذبہ سے سرشار نوجوانوں سے مالامال ملک ہے مگر جان بوجھ کر اشرافیہ نوجوان طبقہ کو مایوسی کی طرف دھکیل رہی ہے فقدان صرف دیانتدار اور اہل قیادت کا ہے۔ جماعت اسلامی الخدمت کے تحت 10لاکھ سے زائد نوجوانوں کو بنو قابل کے تحت آٹی سمیت دیگر کورسزکے ذریعے روزگار کے قابل بنارہی ہے کیونکہ یہ نوجوان امت مسلمہ کا قیمتی سرمایہ اور پاکستان کا مستقبل ہیں۔اسلئے حکومت ملک میں معاشی بہتری ،شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور عام آدمی کے معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے کرپشن فری اور سنجیدہ اقدامات کرے۔