راولپنڈی (صباح نیوز)تحریک انصاف کے 24 نومبر کے احتجاج کو ناکام بنانے کے لیے حکومت نے جڑواں شہروں کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کردیئے ہیں۔ موٹر ویز اور تمام بس اڈے بند ہیں جس کے بعد شہریوں کی پریشانی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہریوں کی بڑی تعداد راولپنڈی ریلوے سٹیشن پہنچ گئی جہاں مسافروں کا رش بڑھ گیا، متعدد شہریوں کو رش ہونے کے باعث ٹکٹ بھی نہ مل سکا۔شٹل ٹرین کے باوجود ہزاروں مسافر منزل تک نہ پہنچ سکے اور شہریوں نے راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر ڈیرے لگا لئے ۔ادھر ریلوے حکام نے کہا کہ مسافروں کو فوری منزل تک پہنچایا جائے گا۔