سی ڈی اے ملازمین کو حج پر بھجوانے کے لیے قرعہ اندازی کی تقریب


اسلام آباد(صباح نیوز)سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے معاہدے کے مطابق سی ڈی اے ملازمین کے حج کی قرعہ اندازی کی تقریب چیئرمین آفس سی ڈی اے میں منعقد ہوئی جس میں چیف کمشنرو چیئرمین سی ڈی اے چوہدری محمد علی رندھاوا،انسپکٹرجنرل آف پولیس سید علی ناصررضوی،سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین،صدر اورنگزیب خان،سپریم ہیڈ صوفی محمود علی،ڈائریکٹر لیبرریلیشن عطاباری ارشد،ڈائریکٹرآئی ٹی ملک شہزادسمیت سی ڈی اے افسران و ملازمین نے کثیرتعداد میں شرکت کی،اس موقع پر سی ڈی اے کے سکیل نمبر01سے 17تک (نان گزیٹیڈ) ملازمین کی قرعہ اندازی کی گئی جس کے مطابق سی ڈی اے کے54مرداور06خواتین بمعہ محرم اس سال انشا اللہ حج کی سعادت حاصل کریں گے،کامیاب خوش نصیبوں میں رانا سہیل احمد الیکٹریکل سپروائزر،عبدالرحیم فورمین،محسن رحمان بیلدار،ممتازاحمد پلمبر،محمد عارف سب اسسٹنٹ،لیاقت علی نائب قاصد،فیصل علی سیکورٹی گارڈ،طارق بشیرگرانڈرولرآپریٹر،محمد شکیل چین مین،افضال حسین مالی،عمرفاروق آپریٹر،چوہدری مجاہد حسین مالی،عنبرین اخترنائب قاصد،مہوش نذیرسینئراسسٹنٹ،فریدہ بی بی ہیلپر،شکیلہ نازانفورسمنٹ گارڈ،حمیرہ بی بی نائب قاصدو دیگر ملازمین شامل ہیں،

اس موقع پرچیئرمین سی ڈی اے چوہدری محمد علی رندھاوا نے قرعہ اندازی میں کامیاب تمام ملازمین کو مبارکباد پیش کی اورکہا کہ جن خوش نصیب ملازمین کے نام قرعہ اندازی میں آئے ہیں وہ بلاشبہ اللہ کے مہمان اور پسندیدہ لوگ ہیں ان سے درخواست کرتاہوں کہ وہ جہاں اپنی بخشش کے لئے دعا کریں گے وہاں ملک اورادارے کی تعمیر وترقی کے لیے بھی دعا کریں کہ اللہ تعالی ارض پاکستان کو تمام مصیبتوں اور آفتوں سے بچائے اور اس ملک کو امن و سکون کا گہوارہ بنائے،اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے اس دفعہ حج پر جانے والے ملازمین کی تعدادپچاس سے بڑھا کر ساٹھ کرنے کا اعلان کیا،

اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین نے قرعہ اندازی میں کامیاب تمام ملازمین کو مبارکباد پیش کی اورکہا کہ آج سی ڈی اے ملازمین کے لیے بڑابابرکت دن ہے او رہر سال کی طرح اس سال بھی سی ڈی اے مزدور یونین کے معاہدے کے مطابق ملازمین کی قرعہ اندازی کی گئی جس میں اس سال 54مرداور 06خواتین بمعہ محرم حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کریں گے اور میں اس دفعہ دس ملازمین کے اضافے پر چیئرمین سی ڈی اے چوہدری محمد علی رندھاوااور سی ڈی اے انتظامیہ کا شکریہ اداکرتا ہوں،سی ڈی اے مزدور یونین مزدوروں کی نمائندہ تنظیم ہے جس کا مقصد مزدوروں کی فلاح وبہبوداور انکی بلاتفریق خدمت ہے،اس موقع پر انھوں نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اور مزدوروں کی خدمت کے جذبے کو اسی طرح جاری رکھے گی اور جلد ہی مزدوروں کے تمام مسائل حل کیے جائیں گے۔۔