تونسہ شریف(صباح نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہمیشہ بھائی بن کرمدد کی، سعودی عرب سے متعلق بشری بی بی کا بیان پاکستان کے ساتھ دشمنی ہے، سعودی عرب کے خلاف زہر اگلا جائے تو ہمارا بھائی کیا کہے گا؟،
ان کو اندازہ نہیں اس بیان سے پاکستان کا خدانخوستہ کتنا نقصان ہوگا۔ سعودی عرب کے خلاف زہرآلودہ بات ناقابل معافی جرم ہے، کوئی ایسا ہاتھ جو پاکستان سعودی عرب دوستی میں رکاوٹ بنے گا اسے توڑ دیں گے ،
وزیراعظم نے تونسہ میں کچھی کینال کی بحالی کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا برادرملک ہے، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ، اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کی مدد کی جس کی مثال نہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کے لیے دروازے کھولے ہیں، سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے اربوں ڈالرز کے معاہدے ہوئے ہیں، کوئی بھی حکومت ہو سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی، شاہ سلمان پاکستان کے لیے نیک جذبات رکھتے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے خلاف زہرآلودہ بات ناقابل معافی جرم ہے، کوئی ایسا ہاتھ جو پاکستان سعودی عرب دوستی میں رکاوٹ بنے گا اسے توڑ دیں گے، ایسا الزام لگایا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا، اپنے سیاسی مفاد کے لیے نفرتوں کے بیج بوئے جا رہے ہیں۔بشری بی بی کے سعودی عرب سے متعلق بیان کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اس سے بڑی دشمنی نہیں ہوسکتی، وہ ملک جس نے کبھی پاکستان سے کوئی مطالبہ نہیں کیا اور ہمیشہ پاکستان کے لیے اپنے دروازے کھولے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی بادشاہ اور فرمانروا شہزادہ سلمان جس طرح پاکستان کی مدد کررہے ہیں، ابھی دو تین دورے کرکے آیا ہوں، سعودی فرمانروا نے مجھے کہا کہ آپ منصوبے لے کر آئیں ہم انتظار کررہے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ جس بھائی کا یہ شفیقانہ رویہ ہے اس کے خلاف زہر اگلا جائے تو وہ کیا کہیں گے کہ پاکستان کے عوام، حکومت اور سیاستدان کیسے ہیں کہ دل میں ہمارے لیے اچھے جذبات رکھنے کے بجائے ایسا زہر آلودہ بیان دے رہے ہیں اور معاشرے میں ایسا زہر گھول رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ اس فطرت کے لوگوں کو اندازہ نہیں ہے کہ پاکستان کو اس بیان کا کتنا نقصان ہوگا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے متحد ہونا ہوگا، کسی کو پاکستان کے مفادات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے،
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب کے تعاون سے کچھی کینال بحالی کا مرحلہ مکمل ہوا، مشرف دور میں کچھی کینال منصوبے کا بیڑہ غرق کیا گیا۔شہباز شریف نے کہا کہ مشرف دورمیں غریب قوم کا پیسہ برباد کیا گیا،انہوں نے کہاکہ ڈیرہ غازی خان اور تونسہ شریف کے سب لوگ گواہ ہیں کہ کس بے دردی سے اس غریب قوم کا پیسہ برباد کیا گیا اور الحمدللہ 2018 میں نوازشریف کے دور میں اس منصوبے کو مکمل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کچھی کینال منصوبے کی فزیبلٹی کا آغاز وزیراعظم نوازشریف کے دور میں کیا گیا اور جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں کچھی کینال منصوبے کا بیڑا غرق کیا گیا، بغیر ٹینڈر کیے منصوبہ ٹھیکیداروں کے حوالے کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ کچھی کینال کی بحالی پر بلوچستان اور پنجاب کے وزرائے اعلی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، وزیراعلی بلاچستان کی ذاتی کاوشوں سے کچھی کینال کی بحالی کا مرحلہ مکمل ہوا، کچھی کینال منصوبے کے اصل محسن نواز شریف ہیں۔انہوں نے کہا کہ کچھی کینال کو 2022 کے سیلاب سے بہت نقصان ہوا، کچھی کینال کے دوسرے مرحلے کو بھی مکمل کریں گے اور اگلے مرحلے کے لیے وسائل فراہم کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں کینسر ہسپتال کی تعمیر جاری ہے، پنجاب میں مریم نواز دن رات محنت کر رہی ہیں، وزیراعلی پنجاب کی محنت کے ثمرات جلد صوبے کے عوام کو ملیں گے، ہم سب مل کر پاکستان کی تقدیر بدلیں گے۔ اس موقع پروفاقی وزیرمصدق ملک نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ریگستان سے نخلستان بنانے کا سفروزیراعظم کا وژن ہے، شہبازشریف صوبوں میں بھائی چارے کا فروغ چاہتے ہیں،عوام کی خوشحالی مشن ہے۔
وفاقی وزیرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصدق ملک نے مزید کہا ہے کہ وزیراعظم صوبوں میں بھائی چارے کا فروغ چاہتے ہیں، شہبازشریف کا وژن عوام کی خوشحالی وترقی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم نے بلوچستان کیلئے مختص وسائل میں 40 فیصداضافہ کیا ہے، بڑھتی آبادی کے پیش نظرترقیاتی بجٹ میں اضافہ ناگزیرہے ۔
انہوں نے کہا کہ کچھی کینال کا منصوبہ 2018میں ن لیگ کے دورمیں مکمل ہوا، جو2022 کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہوا تھا،اس سے زرعی شعبے سے وابستہ لوگ بیروزگار ہوئے تھے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ 2018میں ترقیاتی بجٹ340ارب سے بڑھا کرایک ہزارارب کیا تھا، وزیراعظم کی ہدایت پرکچھی کینال کی بحالی کاکام مکمل ہوا ہے۔