اسلام آباد(صباح نیوز )وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے اور انہیں ریلیف ملنا بھی ممکن نہیں ہے ۔وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سرتوڑ کوششیں کر رہی ہے کہ احتجاج نہ کرناپڑے، تحریک انصاف اب راہ فرار تلاش کررہی ہے، سیاسی اورعسکری قیادت ملکی معاملات کوآگے لے کرجارہی ہے، وفاق پر صوبے کی یلغار کی اجازت نہیں دیں گے،یہ جلسہ نہیں بغاوت ہے، علی امین گنڈاپور پہلے دن سے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں ہیں، علی امین گنڈاپور جلوسوں سے غائب ہو کر پھر برآمد ہوجاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور بانی پی ٹی آئی کی مرضی سے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں ہیں، احتجاج میں 2 دن باقی ہیں، بہت کچھ ہو سکتا ہے۔
صحافی نے وزیر دفاع خواجہ آصف سے اپیکس کمیٹی اجلاس میں وزیراعلی خیبرپختونخوا کی گفتگو سے متعلق سوال کیا جس پر انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی موجودگی میں وزیراعلی کا لہجہ کیسا ہو سکتا ہے؟ علی امین گنڈاپور نے خود کہا ہے کہ ہم لشکر لے کر آرہے ہیں، جلسے کی اجازت دی جا سکتی ہے وفاق پر حملہ آور ہونے کی نہیں۔ان کا کہناتھا کہ بانی پی ٹی آئی صیہونی لابی کا بندہ ہے،بیرون ملک سے لابنگ ہورہی ہے، پی ٹی آئی ورکرز ملک میں تباہی اور بیرونی لابی کی فنڈنگ کرتے ہیں، افغانستان دہشتگردی کے لیے استعمال ہو رہا ہے،بھارت پشت پناہی کررہا ہے، بلوچستان کے لاپتاافراد خودکش حملوں اور دہشت گردی میں ملوث نکلے۔