پشاور(صباح نیوز)وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے ضلع کرم کے علاقہ اوچت میں مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کے حملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور اس گھناو نے واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں وزیر اعلی نے صوبائی وزیر قانون، متعلقہ ایم این اے، ایم پی اے اور چیف سیکرٹری پر مشتمل وفد کو فوری طور پر کرم کا دورہ کرنے اور وہاں کے معروضی حالات کا خود جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلی نے مزید ہدایت کی کہ کرم میں صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے پہلے والے جرگے کو پھر سے فعال کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے صوبائی حکومت، پولیس اور تمام متعلقہ ادارے مل کر سنجیدہ کوششیں کررہے ہیں۔ وزیر اعلی نے متعلقہ حکام کو صوبے میں تمام شاہراہوں کو محفوظ بنانے کیلئے پراونشل ہائی ویز پولیس کے قیام پر کام کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ علی امین خان گنڈاپور نے کرم میں مذکورہ دلخراش واقعے میں جاں بحق افراد کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔انہوں نے حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے مالی امداد کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، واقعے میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے، انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے