جماعت اسلامی کا ملاکنڈ ڈویژن میں جاری بدامنی کے خلاف قومی مشاورتی کانفرنس اور امن مارچ کا فیصلہ


پشاور(صباح نیوز)جماعت اسلامی نے ملاکنڈ ڈویژن میں جاری بدامنی کے خلاف قومی مشاورتی کانفرنس اور امن مارچ کا فیصلہ کرلیا، امیر جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخوا شمالی (ملاکنڈ ڈویژن) عنایت اللہ خان نے مطالبہ کیا کہ جماعت اسلامی باجوڑکے جنرل سیکرٹری محمد حمیدصوفی کے قاتلوں کو فی الفورگرفتار کیا جائے۔صوبائی حکومت کی جانب سے ملاکنڈ ڈویژن کے میگاپراجیکٹس کو ڈراپ کرنے کے خلاف آوازاٹھائیں گے۔ امیر جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخوا شمالی (ملاکنڈ ڈویژن) عنایت اللہ خان کے زیر صدارت ملاکنڈ ڈویژن کے امرا ء و جنرل سیکریٹریز کا اجلاس گل آباد مرکز اسلامی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ملاکنڈ ڈویژن کے 9 اضلاع کے امرا و جنرل سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملاکنڈ ڈویژن اور خاص کر باجوڑ میں امن وامان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔  محمد حمیدصوفی شہید کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ باجوڑ میں کسی قسم کی مزید بدامنی برداشت نہیں کی جائیگی۔ حکومت قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے۔ اس حوالے سے باجوڑ کی تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت سے جاری ہے۔ مشاورت کے بعد قومی مشاورتی کانفرنس منعقد کی جائیگی جبکہ ایک بہت بڑا امن مارچ بھی جلد منعقد کیا جائے گا۔

سابق سینئر وزیر خیبر پختونخوا و امیر ملاکنڈ ڈویژن عنایت اللہ خان نے سوات ، اپر دیر اور لوئر دیر سے بڑے بڑے ترقیاتی منصوبوں کو ڈراپ کرنے پر صوبائی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کو ڈراپ کرنے پر احتجاجی اور آئینی وقانونی راستہ اختیار کریں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ملاکنڈ ڈویژن کے مسائل کے حل کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ جماعت اسلامی عوامی مسائل کو اٹھائیگی اور بھرپور منصوبہ بندی کے ساتھ پورے ملاکنڈ ڈویژن میں تحریک لانچ کرے گی۔۔