اسلام آباد (صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان کاآئینی بینچ (جمعہ)کے روز ڈاکٹر عارف علوی کو بطور صدر پاکستان عہدے سے ہٹانے کے لئے دائر درخواست پر سماعت کرے گا۔ درخوست غلام مرتضیٰ خان کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے ڈاکٹر عارف علوی اوردیگر کوفریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزارذاتی حیثیت میں پیش ہوکردلائل دیں گے۔ جبکہ بینچ جمعہ کے روزہی نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور نگران امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا (جنوبی)پروفیسر محمد ابراہیم خان کی جانب سے چیئرمین ایراوردیگر کے خلاف ڈونر ملکوں کی جانب سے 2005کے زلزلہ کے حوالہ سے فراہم کئے جانے والے فنڈز کے حوالہ سے دائر درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ بینچ جمعہ کے روز ہی نئی گاج ڈیم کی تعمیر کے معاملہ پردائر درخواستوںپرسماعت کرے گا۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی او رجسٹس نعیم اخترافغان پر مشتمل 6رکنی بینچ جمعرات کے روزجمعہ کے روز کل 15کیسز کی سماعت کرے گا۔ بینچ ای سی او واچ ٹرسٹ کے چیئرمین محمد عمران حیدر کی جانب سے ملک بھر میں جنگلات کی تشویشناک حالت زاراور سابق وزیر اعلی پنجاب سردار وعثمان احمد خان بزدار کے خلاف عدالتی حکم کے باوجود صوبہ پنجاب میں مختص شدہ جنگلات کاتحفظ نہ کرنے کے معاملہ پر دائرتوہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ درخواستوں میں سیکرٹر ی ماحولیاتی تبدیلی حکومت پاکستان،سردار عثمان بزدار اوردیگر کوفریق بنایا گیا ہے۔ درخواستوں پر اٹارنی جنرل ، چاروں صوبوںکے ایڈووکیٹ جنرلز اوردیگر فریقن کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔
بینچ شہدا فائونڈیشن بلوچستان کی جانب سے قومی ایکشن پلان (نیپ)پر عملدآمد کے حوالہ سے درخواست پر سماعت کرے گا۔ درخواست رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں وفاق پاکستان کو سیکرٹری قانون وانصاف کے توسط سے فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزارکیجانب سے حافظ احسان احمد کھوکھر پیش ہوکردلائل دیںگے۔ بینچ جمعہ کے روزہی میاں دائود ایڈووکیٹ کی جانب سے ملک بھر کی ضلع عدلیہ میں عدالتی افسران کی تعیناتیوں اورتبادلوں کے حوالہ سے پالیسی مرتب کرنے کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ درخواست گزار کی جانب سے وفاق پاکستان کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزارذاتی حیثیت میں پیش ہوکردلائل دیں گے۔جبکہ بینچ غلام مرتضی کھوڑو کی جانب سے کابینہ سیکرٹری پاکستان اوردیگر کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرے گا۔ درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ معلومات تک رسائی کے قوانین پر عملدرآمد کے حوالہ سے ہدایات جاری کی جائیں۔ درخواست گزار ذاتی حیثیت میں پیش ہوکردلائل دیں گے۔