نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے برطانوی پارلیمانی انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ ہمیش فالکنر کی ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ (مشرق وسطی، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان) ہمیش فالکنر نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار اور پارلیمانی انڈر سیکرٹری فالکنر نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان وسیع تر دوطرفہ اور علاقائی امور پر مضبوط ہم آہنگی کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان اور برطانیہ کے مضبوط تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور موسمیاتی کارروائی میں تعاون کو فروغ دینے میں مشترکہ دلچسپی پر زور دیا۔

نائب وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کو ایک بہتر سٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا جو کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعاون کی بھرپور تاریخ اور 17 لاکھ برطانوی پاکستانی کمیونٹی کی امنگوں کے مطابق ہے۔ نائب وزیراعظم نے پارلیمانی انڈر سیکرٹری کو افغانستان کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر اور جنوبی ایشیا کی بدلتی ہوئی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی تنازعہ جموں و کشمیر سمیت دیرینہ تنازعات کا حل جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور استحکام کے حصول کے لیے اہم ہے۔پارلیمانی انڈر سیکرٹری ہمیش فالکنر نے استقبال کرنے پر نائب وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور برطانیہ کی طرف سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہے۔