سابق سینیٹر خیبرپختونخوا اور ممتاز صنعتکار الیاس احمد بلور انتقال کرگئے


پشاور(صباح نیوز)سابق سینیٹر خیبرپختونخوا اور ممتاز صنعتکار الیاس احمد بلور انتقال کرگئے، مرحوم کی نماز جنازہ  بروز اتوار بوقت 2 بجے وزیر باغ میں ادا کی جائے گی۔ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سابق سینیٹر الیاس احمد بلور انتقال کرگئے، مرحوم اے این پی رہنما غلام بلور، شہید بشیر بلور اور عزیز بلور کے بھائی اور غضنفر بلور کے والد تھے۔

الیاس بلور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور اسلام اباد میں نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، گزشتہ شب ان کی حالت بگڑ گئی اور خالق حقیقی سے جاملے۔سابق سینیٹر الیاس احمد بلور نے عملی سیاست کا آغاز نیشنل پارٹی کی رکنیت سے کیا تھا، وہ قومی اسمبلی کے رکن اور سینیٹر بھی رہ چکے ہیں جب کہ سرحد چیمبر آف کامرس کے صدر اور مختلف چیمبرز کے اعلی منتخب عہدوں پر بھی رہے۔

الیاس بلور 9 جنوری 1940 کو پشاور، خیبر پختونخوا میں ایک سیاسی گھرانے میں پیدا ہوئے جہاں سے انہوں نے ابتدائی تعلیم حاصل کی، ایڈورڈز کالج سے فیکلٹی آف آرٹس کی ڈگری حاصل کی۔
انہوں نے 1969 میں جامعہ کراچی سے بیچلر آف آرٹس کی ڈگری حاصل کی۔ 1999 میں الخیر یونیورسٹی، آزاد جموں و کشمیر سے مارکیٹنگ میں ماسٹر آف بزنس ایڈمنسٹریشن (ایم بی اے) کی ڈگری بھی حاصل کی۔الیاس کمپنی فلور اینڈ جنرل ملز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ الیاس بلور 2012 کے سینیٹ انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے سینیٹ آف پاکستان کے لیے سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم شہبازشریف ،نائب وزیراعظم محمد اسحق ڈار، چیرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ،وزیراطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ نے سابق سینیٹر اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما الیاس احمد بلور کے اِنتقال پر اظہارِ افسوس کیا ہے ۔ صدر مملکت نے  مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت، اِظہار ہمدردی کیا ہے ۔ صدر نے  الیاس احمد بلور مرحوم کیلئے دعائے مغفرت، ورثا کیلئے صبر جمیل کی دعا  کی