فلسطینیوں کے قتل عام کے خلاف جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو اسلامی دنیا میں احتجاج کیا جائے، حماس


غزہ (صباح نیوز) فلسطینی اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے عرب ممالک اورعالم اسلام سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی پٹی پرمسلسل اسرائیلی جارحیت کو مسترد کرتے ہوئے غزہ کی پٹی کے محاصرے اور تباہی اور بھوک کی جنگ کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ “آنے والے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تمام عرب، اسلامی اور بین الاقوامی شہروں، دارالحکومتوں میں ہر قسم کے بڑے پیمانے پر مظاہروں اور ریلیون میں جصہ لیں۔حماس نے عرب اورمسلمان ممالک کے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی پٹی کے خلاف جاری جارحیت کو مسترد کرتے ہوئے غاصب اسرائیلی ریاست اور اس کی حمایت کرنے والے ممالک کے سفارت خانوں کا محاصرہ کریں  تاکہ شمالی غزہ کے محاصرے اور نسل کشی کی جاری جنگ روکنے کے لیے دبا ڈالا جا سکے۔

حماس نے عالم اسلام کے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی پٹی کے خلاف جنگ اور جارحیت کے لیے امریکی، برطانوی اور جرمن حمایت کو بے نقاب کریں۔ ان ملکوں کی صہیونی ریاست کی مدد کی مذمت کریں اور صہیونی ریاست کے جرائم کو روکنے کے لیے دبا ڈالیں۔حماس نے مزید کہا کہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام عرب اور اسلامی قوم اور دنیا کے آزاد عوام کی طرف دیکھتے ہیں کہ وہ فعال طور پر احتجاجی مظاہروں میں شرکت کریں۔ ہر طرح سے دبا ڈالیں تاکہ جارحیت بند کرائی جا سکے۔