اسلام آباد(صباح نیوز )وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہرنائی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد نے پاک وطن کے امن کے لئے جانیں قربان کیں،شہید میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد قوم کے ہیرو ہیں اور شہدا کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ وزیرداخلہ نے شہید میجر محمد حسیب اور شہید حوالدار نور احمد سے اہلخانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔